اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 26.864 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں، جو گزشتہ ہفتے 26.754 ارب ڈالر تھے، یعنی ایک ہفتے میں 11 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے اپنے ذخائر ہفتے کے دوران 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر بڑھے۔ فروری میں یہ ذخائر 16.568 ارب ڈالر تھے جو 30 اکتوبر کو 21.568 ارب ڈالر ہو گئے تھے۔
دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر) میں تجارتی خسارہ 14.6 ارب ڈالر رہا، اس دوران درآمدات 26 ارب ڈالر اور برآمدات 11.4 ارب ڈالر رہیں۔ کرنسی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر حقیقت سے زیادہ ہے، جس کی وجہ سے تجارتی خسارہ ہر ماہ بڑھ رہا ہے۔
عالمی بینک کی ’انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026‘ کے مطابق پاکستان کا مجموعی بیرونی قرض 2015 کے 68.67 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2025 میں 135.1 ارب ڈالر ہو گیا، یعنی دس سال میں تقریباً دگنا۔ چین 22.4 ارب ڈالر کے ساتھ سب سے بڑا قرض دہندہ ہے، اس کے بعد عالمی بینک (19.2 ارب ڈالر) اور ایشیائی ترقیاتی بینک (16.83 ارب ڈالر) ہیں۔
